پنجاب حکومت کو مستحق لوگوں کو سرکاری خرچ پر وکلاء فراہم کرنے کا آخری موقع
12-20-2024
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے حکومت پنجاب کو مستحق لوگوں کو سرکاری خرچ پر وکلاء فراہم کرنے کا آخری موقع دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے 2 صفحات پر مشتمل عبوری حکمنامہ جاری کر دیا۔ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ سرکاری وکیل کے مطابق پنجاب لیگل ایڈ ایکٹ 2018 میں مجوزہ ترامیم کے باعث یہ معاملہ تاخیر کا شکار ہے، عدالت سرکاری رپورٹ سے مطمئن نہیں، پنجاب لیگل ایڈ ایجنسی کو اہمیت نہیں دی جا رہی، لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔ تحریری آرڈر میں کہا گیا فل بنچ نے قرار دیا ہے کہ سرکاری خرچ پر وکیل کی سہولت بنیادی حقوق کے نفاذ کے لیے ضروری ہے، 15 فروری تک پنجاب لیگل ایڈ ایجنسی کو فعال بنانے کے لیے آخری موقع فراہم کیا جا رہا ہے، عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں چیف سیکرٹری ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوں۔ عدالتی حکم میں مزید لکھا گیا کہ پبلک پراسیکیوشن ڈپیارٹمنٹ سے پنجاب لیگل ایڈ ایجنسی کو فعال بنانے کے لیے معلومات حاصل کی گئیں، رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب لیگل ایڈ ایجنسی کو فعال بنانے میں تاخیر حکومت کی تبدیلی کے باعث ہوئی۔