دوسرا ون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 81 رنز سے شکست دیکر سیریز جیت لی

12-20-2024

(لاہور نیوز) ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 81 رنز سے شکست دیکر ون ڈے سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔

میزبان ٹیم کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا تاہم یہ آغاز اچھا ثابت نہ ہوسکا اور عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ صائم ایوب 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، دونوں کے درمیان 115 رنز کی پارٹنرشپ بنی، بابراعظم 73 رنز جبکہ کپتان محمد رضوان 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سلمان آغا 33، کامران غلام 63، عرفان خان 15، شاہین شاہ آفریدی 16، حارث رؤف 6 جبکہ ابرار احمد 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے کوینا مافاکا نے 4، مارکو جانسن نے 3 جبکہ اینڈائل اور بجورن فورٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 44 ویں اوور میں 248 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، ٹونی ڈی زورزی 34، ایڈن مارکرم 21، ڈیوڈ ملر 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ہینرچ کلاسن نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 97 رنز کی اننگز کھیلی۔ شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نسیم شاہ نے 3، ابرار احمد نے 2 سلمان آغا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، کامران غلام کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ سیریز جیتنے پر انتہائی خوشی ہوئی، جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔