امریکی پابندیوں سے پاکستان کی میزائل صلاحیت پر کوئی اثر نہیں پڑیگا: دفاعی ماہرین

12-19-2024

(لاہور نیوز) دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں سے پاکستان کی میزائل صلاحیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

دفاعی تجزیہ کار سید محمد علی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے لگائی گئی پابندیاں بہت ہی افسوسناک ہیں، اس قسم کی پابندیوں سے پاکستان کی میزائل صلاحیت پر کسی قسم کا اثر نہیں پڑےگا، ہمارا میزائل پروگرام ہمارے انجینئرز کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا کمانڈ ایند کنٹرول سسٹم بہت ہی نازک ہے، مریدکے کے قریب ان کا ایک میزائل آ کر گر تھا جس پر ہمارے ہمسائے کو پوری دنیا میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور ان کے پاس یورینیم کسی کباڑیے کے پاس بک رہا ہوتا ہے۔ سید محمد علی  نے کہا کہ ہمسائے ملک کا ہدف صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ امریکا بھی ہو سکتا ہے، یہ تاریخ کی بہت بڑی غلطیاں ہیں جو بائیڈن انتظامیہ اپنے آخری دور میں کر رہی ہے، امید کرتے ہیں ٹرمپ انتظامیہ اس غلطیوں کا ازالہ کرے گی، ٹرمپ انتظامیہ پابندیوں سے متعلق اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ دفاعی تجزیہ کار راشد ولی کا کہنا تھا کہ یہ ایک غیر منصفانہ فیصلہ ہے، پاکستان ایٹمی عدم پھیلاؤ کے جتنے بھی معاہدات ہیں پاکستان اس کا حصہ ہے، ماضی میں امریکی خود اس بات کی تعریف کرتے رہے ہیں، امریکی خود کہتے رہے ہیں پاکستان کا میزائل سسٹم بہت محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تحفظات صرف خطے تک محدود ہیں، اس قسم کی پابندیاں ماضی میں بھی لگتی آئی ہیں، پہلے بھی دنیا کے پاکستان کے لانگ رینج میزائل سسٹم پر تحفظات تھے، ان پابندیوں کا اثر بہت محدود ہوتا ہے، ماضی میں بھی پاکستان پر پابندیاں لگیں لیکن پاکستان نے اپنی نیشنل سکیورٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا۔ راشد ولی نے کہا کہ ہمارا نیوکلیئر میزائل کا نظام اسی طرح سے جاری رہا، امریکا کی انڈیا کی طرف نظر کیوں نہیں جاتی وہ ہائپرسونک میزائل کی طرف جا رہے ہیں، امریکا کو چاہیے کہ مکالمے کے ذریعے ہمارے ساتھ بیٹھ کر اس مسئلے کو حل کرے۔ دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) زاہد محمود کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی پاکستان پر مشکل سے مشکل حالات میں پابندیاں رہی ہیں، مشکل حالات میں بھی پاکستان اس کو جاری رکھتا رہا ہے، پاکستان نے عالمی امن کیلئے دنیا میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔