15 سال قبل ’ہیرا منڈی‘ کی پیشکش ہوئی تھی، ماہرہ خان کا انکشاف

12-18-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی سپر سٹار ماہرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارتی فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی نے 15 سال قبل اس وقت ’ہیرا منڈی‘ فلم میں کام کی پیش کش کی تھی جب مذکورہ فلم بنی تھی، نہ وہ معروف اداکارہ تھیں۔

ماہرہ خان نے حال ہی میں غیرملکی نشریاتی ادارے کوانٹرویو میں اپنی دوسری شادی، سنجے لیلا بھنسالی کی جانب سے فلم میں کام کی پیشکش اور رنبیر کپور کے ساتھ سگریٹ نوشی کی تصاویر وائرل ہونے پر بھی لب کشائی کی۔ پروگرام کے دوران ماہرہ خان نے حیران کن دعویٰ کیا کہ سنجے لیلیٰ بھنسالی نے انہیں 15 سال قبل اپنی فلم ’ہیرا منڈی‘ میں کام کی پیش کش کی تھی، جسے بعد میں فلم ساز نے ویب سیریز کے طور پر ریلیز کیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ 15 سال قبل پہلے وہ ہیرا منڈی کے لکھاری معین بیگ سے کراچی میں فیشن ڈیزائنررضوان بیگ کے سٹور پر ملیں۔ ماہرہ خان کے مطابق وہ اور ان کی دوست سٹور پر شادی کا جوڑا خریدنے گئی تھیں، جہاں رضوان اور معین بیگ ’ہیرا منڈی‘ پر بات کر رہے تھے، اس دوران لکھاری معین بیگ نے رضوان بیگ کو بتایا کہ وہ اپنی فلم کے لیے کسی پاکستانی اداکارہ کی تلاش میں ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ڈیزائنر رضوان بیگ اور لکھاری معین بیگ کی باتوں پر ان کی دوست نے دونوں سے کہا کہ وہ ماہرہ خان کو کاسٹ کرلیں، وہ اس وقت ٹی وی اور ریڈیو کی مقبول شخصیت ہیں۔ اداکارہ کے مطابق ان کی دوست کی بات پر ’ہیرا منڈی‘ کے لکھاری نے ان کی طرف دیکھا اور دیکھتے ہی انہیں فلم کی ’مدھو بالا‘ قرار دیا۔ ماہرہ خان نے بتایا کہ بعد ازاں معین بیگ نے کہا کہ جب وہ بھارت آئیں گی تو وہ انہیں سنجے لیلا بھنسالی سے ملوائیں گے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وہ اپنی ایک دوست کی شادی پر بھارتی شہر ممبئی گئیں، جہاں انہیں معین بیگ نے سنجے لیلا بھنسالی سے ملوایا، جنہوں نے دیکھتے ہی انہیں اپنی فلم کے کردار کے لیے پسند کیا اور ’ہیرا منڈی‘ میں کام کی پیشکش کی۔ ماہرہ خان کے مطابق انہوں نے اس وقت بھی سنجے لیلا بھنسالی کو بتایا کہ انہیں بھارتی فلموں میں کام کرنے کا بہت شوق ہے لیکن وہ صرف شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ’ہیرا منڈی‘ میں کام کی پیش کش اس وقت کی گئی تھی جب ان کے ہاں بیٹے ’اذلان‘ کی پیدائش بھی نہیں ہوئی تھی جب کہ وہ اس وقت ریڈیو جوکی (آر جے) کے طور پر کام کرتی تھیں اور معروف اداکارہ بھی نہیں تھیں۔ ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ انہیں 15 سال قبل ہی ’ہیرا منڈی‘ میں کام کی پیشکش کی گئی تھی، اس وقت سنجے لیلا بھنسالی فلم بنانا چاہتے تھے لیکن بعد میں انہوں نے ’ہیرا منڈی‘ پر ویب سیریز بنائی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بعد میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھنے کی وجہ سے وہ سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ کام نہیں کر سکیں۔ خیال رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی پہلے ہی یہ بتا چکے ہیں کہ انہوں نے ’ہیرا منڈی‘ میں فواد خان، عمران عباس اور ماہرہ خان کو کاسٹ کرنے کا سوچا تھا۔ ہیرا منڈی‘ کو مئی 2024 میں ویب سیریز کے طور پر نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا گیا تھا ۔