لازوال گیتوں کے تخلیق کار رشید عطرے کو مداحوں سے بچھڑے 57 برس بیت گئے

12-18-2024

(لاہور نیوز) لازوال گیتوں کے تخلیق کار اور موسیقار رشید عطرے کو مداحوں سے بچھڑے 57 برس بیت گئے۔

1950 ء میں رشید عطرے کی موسیقی میں ترتیب دیا ہوا گیت ’بھاگاں والیو نام جپو مولا نام‘تھا جس نے فلمی صنعت کو رشید عطرے کی صورت میں ایک شاندار موسیقار دیا، اِس کے بعد تو اُن کی ترتیب دی ہوئی موسیقی میں ایسے ایسے خوب صورت گیت سننے کو ملے کہ جو آج بھی اپنی سحر آفرینی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ 15 فروری 1919ء کو امرتسر میں ہارمونیم نواز خوشی محمد کے گھر میں آنکھ کھولنے والے رشید عطرے نے محض 48 برس کی عمر پائی لیکن اتنی مختصر سی زندگی میں ہی اُنہوں نے موسیقی کی دنیا میں وہ کچھ کر دکھایا جو اُنہی کا خاصا ہے۔ رشید عطرے کی فنی چابک دستی نے فلم زرقا کے گیتوں کو وہ دوام بخشا کہ جن کے رنگ آج بھی مدھم نہیں پڑے، اپنے فنی کیریئر کے دوران 48 اُردو اور 7 پنجابی فلموں کی موسیقی ترتیب دینے والے رشید عطرے 18 دسمبر 1967ء کو لاہور میں انتقال کر گئے۔