انسداد پولیو مہم، 22 لاکھ 30 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

12-17-2024

(لاہور نیوز) انسداد پولیو مہم کا آج دوسرا روز ہے، لاہور میں 22 لاکھ 30 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ملک کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے مہم کا آغاز کر دیا گیا، ملک کے 143 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے، 2 لاکھ لیڈی ورکرز گھر گھر جا کر 5 سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلا رہی ہیں، مہم کے دوران چار کروڑ سینتالیس لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔ انسداد پولیو مہم میں پنجاب کے 36 اضلاع میں 2 کروڑ 33 لاکھ، کے پی کے 36 اضلاع میں 72 لاکھ، سندھ کے 30 اضلاع میں 1 کروڑ 6لاکھ اور بلوچستان کے 36 اضلاع میں 26 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اسلام آباد، آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے 5 اضلاع میں بھی 8 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔ وزارتِ صحت نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو کے خلاف ایک قوم کی حیثیت سے متحد ہو کر اپنے بچوں کی ویکسی نیشن یقینی بنائیں، پولیو ورکرز کے ساتھ مکمل تعاون اور ہر موقع پر اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں، پنجاب میں نیشنل امیونائزیشن مہم لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں سات روزہ ہو گی، جبکہ دیگر اضلاع میں انسداد پولیو مہم 5 روز جاری رہے گی، پنجاب میں رواں سال ایک کیس رپورٹ ہونے پر خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ پولیو ورکرز کا کہنا ہے ویکسین پولیو سے بچاؤ کا سب سے مفید ذریعہ ہے، پولیو کے دو قطرے پلا کر بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچائیں اور ملک کو پولیو سے پاک بنائیں۔