مذاکرات کرنے ہوں تو زبان کو خاموش اور لہجے کو نرم رکھنا پڑتا ہے، خواجہ آصف

12-16-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکراتی عمل کو مذاق رات قرار دے دیا۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانچ منٹ قبل مذاکرات کے عمل میں رہنے والے اپنے وزراء سے مذکرات کے حوالے سے پوچھا، وزرا کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ اب تک کسی نے رابطہ نہیں کیا، پی ٹی آئی حکومت کو بتائے کہ ہم مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر کے ذریعے مذاکرات کا عمل شروع ہونا چاہیے، پی ٹی آئی پہلے رابطہ کرے گی اس کے بعد ہم کوئی جواب دینے کی پوزیشن میں ہوں گے، جن حالات میں پی ٹی آئی والے مذاکرات کی بات کررہے ہیں تو دیکھنا ہو گا کہ 26 نومبر سے پہلے کس زبان میں کررہے تھے۔ وزیر دفاع  نے مزید کہا کہ ابھی بھی تحریک انصاف کی زبان کی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ مذاکرات کرنے ہوں تو زبان کو خاموش اور لہجے کو نرم رکھنا پڑتا ہے، حکومت سے مذاکرات کا آغاز بانی پی ٹی آئی کو کرنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کے علاؤہ تحریک انصاف میں کسی کی حیثیت ہی نہیں ہے۔