عالمی شہرت یافتہ طبلہ نواز ذاکر حسین چل بسے

12-16-2024

(لاہورنیوز) عالمی شہرت یافتہ بھارتی طبلہ نواز ذاکر حسین انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ذاکر حسین امریکا کے شہر سان فرانسسکو کے ہسپتال میں دل کے عارضے کے باعث انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج تھے جہاں وہ انتقال کرگئے۔لیجنڈ طبلہ نواز ذاکر حسین نے 73 برس عمر پائی، وہ لیجنڈ طبلہ نواز استاد اللہ رکھا کے بیٹے تھے۔  ذاکر حسین کو اب تک کے سب سے بہترین طبلہ سازوں میں شمار کیا جاتا تھا، انہوں نے فروری میں بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس، بیسٹ کنٹیمپریری انسٹرومینٹل البم، اور بیسٹ گلوبل میوزک البم کیٹیگریز میں 3 گریمی ایوارڈز جیتے تھے۔اس سے قبل انہوں نے2009 میں کنٹیمپریری ورلڈ میوزک البم کا اپنا پہلا گریمی ایوارڈ جیتا تھا۔ ذاکر حسین کو 1988 میں پدما شری ایوارڈ سے نوازا گیا، 2002 میں انہیں پدما بھوشن اور 2023 میں انہیں دوسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدما وی بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا، یہ اعزاز غیر معمولی اور نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ان کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ انٹونیا منیکولا جو کلاسیکل رقاصہ اور استاد ہیں، اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔