صدر مملکت اور وزیراعظم کا شہدائے اے پی ایس پشاور کو خراج عقیدت

12-16-2024

(لاہور نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کو 10ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کو دہشت گردوں نے ہمارے بچوں اور قوم کے مستقبل پر حملہ کیا، دہشت گردوں نے معصوم بچوں سمیت شہریوں کو سفاکیت سے قتل کیا۔ آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے اساتذہ اور بچوں کو نشانہ بنا کر عوام دشمنی کا ثبوت دیا، معصوم بچوں پر حملہ گھناؤنا اور انسانیت سوز جرم ہے، دہشت گردوں کا ایجنڈا ملک میں فساد اور انتشار پھیلانا ہے، پاکستانی قوم دہشت گردوں کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ سانحہ اے پی ایس: دل آج بھی خون کے آنسو رو رہا ہے، وزیراعظم وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ اے پی ایس کی برسی پر پیغام میں کہا کہ ہم بھولیں گے نہ معاف کریں گے، دل آج بھی خون کے آنسو رو رہا ہے، پوری قوم ان بزدلوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم بچوں و اساتذہ کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے، آیئے ہم ایک پرامن اور محفوظ پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔