8 روزہ دورہ چین مکمل: مریم نواز وطن واپسی کیلئے روانہ
12-15-2024
(لاہور نیوز) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اپنا 8 روزہ دورہ چین مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی کے لئے روانہ ہو گئیں، مریم نواز کو ایئرپورٹ پر ڈائیریکٹر فارن افیئرز مس ہیلن اور دیگر اعلی حکام نے رخصت کیا۔
مریم نواز نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی دعوت پر چین کا 8 روزہ دورہ کیا، سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری ،وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان ،وزیر زراعت عاشق کرمانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورہ چین کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بیجنگ میں روبوٹک زرعی آلات بنانے والے ادارے اے آئی فورس ٹیک کا دورہ کیا، انہوں نے بلیو ٹیک ائیر الائنس، ہائی جیا میڈیکل ، شی جی تان ہسپتال اور بیجنگ میونسپل کمیشن آف ٹرانسپورٹ کے دورے کئے۔ مریم نواز کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے منسٹر سے ملاقات اور ظہرانے میں شرکت کی، وزیر اعلیٰ نے منسٹر ماحولیات سے بھی ملاقات کی۔ اس کے علاوہ شنگھائی میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کی میوزیم جنکو سولر کمپنی اور منہانگ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل زون کے دورے کئے۔ مریم نواز نے ماحولیاتی آلودگی پر کانفرنس سے کلیدی خطاب کیا، مریم نواز نے شنگھائی ایکسپریمنٹل سکول، ہواوے ٹیکنالوجیز اور بی جی آئی جینو مکس کے دورے بھی کئے جبکہ پنجاب چین انویسٹمنٹ کانفرنس سے بھی خطاب کیا، مریم نواز نے چائینہ کی حکمران جماعت کے اعلیٰ سطحی وفود سے ملاقاتیں کیں۔ دورہ چین کے دوران ماحول دوست ٹرانسپورٹ، زراعت، ہیلتھ سمیت دیگر شعبوں میں چینی کمپنیوں سے ایم او یو پر دستخط ہوئے۔