لاہور کی دس تحصیلوں میں روٹی اور نان مہنگا فروخت ہونے کا انکشاف
12-13-2024
(لاہور نیوز) لاہور کی دس تحصیلوں میں متعدد مقامات پر روٹی اور نان مہنگا فروخت ہونے کا انکشاف ہو گیا۔
تنور مالکان نے حکومتی احکامات ہوا میں اڑا دئیے، سستی روٹی مہنگی فروخت کرنے لگے، روٹی 16 اور نان 20 سے 40 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، روٹی کی سرکاری قیمت 14 روپے مقرر ہے۔ شاد باغ ، چائنہ سکیم ، راوی روڈ ، شاہدرہ اور بادامی باغ میں روٹی 16 روپے میں مل رہی ہے، گلبرگ ، فیصل ٹاؤن ، جوہر ٹاؤن ، ٹاؤن شپ اور لبرٹی میں بھی روٹی 16 روپے کی ہے، صدر بازار ، تاجپورہ ، تاج باغ ، فتح گڑھ اور لال پل کے متعدد علاقوں میں روٹی مہنگی بیچی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ اسلام پورہ ، راج گڑھ ، گلشن راوی اور ملتان روڈ پر بھی روٹی کی سرکاری قیمت پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، اقبال ٹاؤن ، ٹھوکر نیاز بیگ ، رائیونڈ روڈ کے متعدد علاقوں میں بھی شہری مہنگی روٹی خریدنے پر مجبور ہیں۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے روٹی کی قیمت میں ازخود اضافے کا عندیہ بھی دے دیا، صدر آفتاب گل کا کہنا ہے کہ مہنگا آٹا خرید کر سستی روٹی کیسے دیں، روٹی 20 روپے میں فروخت کی جائے گی۔