ہواوے کے تعاون سے لاہور کو پاکستان کا پہلا جدید ترین سمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ
12-13-2024
(لاہور نیوز) ہواوے کے تعاون سے لاہور کو پاکستان کا پہلا جدید ترین سمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہواوے کو پاکستان بالخصوص پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شنگھائی کے ڈسٹرکٹ لونگ گانگ میں ہواوے ٹیکنالوجیز کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، مریم نواز شریف نے ہواوے ٹیکنالوجیز کے دورے کے دوران مختلف شعبے دیکھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہواوے گورنمنٹ افیئرز کے صدر وانگ چینگ ڈونگ (Mr. wang Chengdong) سے ملاقات کی، ہواوے کے صدر مسٹر وانگ چینگ ڈونگ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور وفد کو تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات کے دوران لاہور کو ماڈرن ڈیجیٹل سٹی بنانے کیلئے مختلف تجاویز اور سفارشات پر گفتگو ہوئی، ای کامرس، ایکو سسٹم پروڈکشن، ہیلتھ اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ڈیجیٹائزیشن سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مریم نواز نے ہواوے گورنمنٹ افیئرز کے صدر کو لاہور آنے کی دعوت بھی دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے مختلف شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ کے بارے میں بتایا اور ہواوے کے ہیلتھ اور ایجوکیشن پراجیکٹس میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے ہواوے کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آفس قائم کرنے پر تعاون کی پیشکش کی اور ہواوے کو پنجاب میں اسمبلینگ اور مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں ہواوے کو پنجاب ریٹیل آفس اور آفٹر سیل سروس سینٹر قائم کرنے کی بھی پیشکش کی۔ اس موقع پر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہواوے کے تعاون سے پنجاب کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کی جدت سے متعارف کرانا چاہتے ہیں، ہواوے ایکو سسٹم ڈویلپمنٹ میں پنجاب کی معاونت کرے، لاہور میں پہلا سیف سٹی پراجیکٹ ہواوے کے اشتراک سے قائم ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہواوے حکام کے ساتھ فیکٹری کا دورہ بھی کیا۔