شام میں پھنسے 318 پاکستانی خصوصی طیارے کے ذریعے وطن پہنچ گئے
12-13-2024
(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشیں رنگ لے آئیں، شام میں پھنسے 318 پاکستانیوں کو لیکر خصوصی طیارہ پاکستان پہنچ گیا۔
پاکستانی بیروت سے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچے، وفاقی وزیر احسن اقبال اور دیگر حکومتی نمائندوں نے استقبال کیا، پاکستانیوں کو گلدستے پیش کئے اور خیریت دریافت کی۔ شام کی تازہ صورتحال کے پیش نظر پاکستانی وہاں پھنس گئے تھے، وزیراعظم شہباز شریف نے لبنانی ہم منصب سے رابطہ کرکے پاکستانیوں کی واپسی کی راہ ہموار کی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی کوئی پاکستانی ہو گا وہ تنہا نہیں ہو گا، ہم ایک قوم ہیں، قوم کا دکھ اور سکھ سانجھا ہوتا ہے، پاکستانیوں کی باحفاظت وطن واپسی پر لبنانی وزیراعظم کے مشکور ہیں۔