ناصر ادیب کو ریما خان سے متعلق بیان دینا مہنگا پڑگیا،مشی خان ڈرامہ رائٹر پر بھڑک اٹھیں

12-12-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ اور میزبان مشی خان نے ساتھی اداکارہ ریما خان کے حوالے سے تبصرہ کرنے پر ڈرامہ رائٹر ناصر ادیب کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

مشی خان نے ناصر ادیب کے ایک بیان پر سخت ردِ عمل دیا ہے جس میں انہوں نے سابق فلمی اداکارہ ریما خان کے پس منظر پر تبصرہ کیا تھا۔ مشی خان نے اپنی انسٹاگرام ویڈیو میں کہا کہ ’بعض لوگ سوچ سے عاری ہو چکے ہیں‘۔ انہوں نے معاشرتی رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں لوگوں کو دوسروں، خاص طور پر اداکاراؤں کے ماضی پر بات کرنے کا بہت شوق ہے پوڈکاسٹ کے نئے ٹرینڈ میں لوگوں کو اس بات کا اندازہ نہیں کہ کیا بولنا ہے اور کتنا بولنا ہے۔ مشی خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ ناصر ادیب جیسے تجربہ کار شخص سے اس قسم کے بیان کی توقع نہیں رکھتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ریما ان کی بہت اچھی دوست ہیں، اور ہر ملاقات میں محبت و عزت سے پیش آتی ہیں۔مشی خان نے مطالبہ کیا کہ ناصر ادیب کو اپنے بیان پر معذرت کرنی چاہیے، چاہے وہ باتیں درست ہوں یا غلط۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ 25 سالوں میں انسان کی زندگی بدل جاتی ہے ریما خان نے اپنی زندگی کو مکمل طور پر بدل لیا ہے، اور ان کے خاندان اور متعلقہ افراد کو بھی ایسے بیانات سے تکلیف پہنچتی ہے۔ مداحوں نے مشی خان کے اس موقف کو سراہا اور انہیں ریما خان کی حمایت میں آواز اٹھانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔یاد رہے کہ کچھ دن قبل ایک انٹرویو کے دوران ناصر ادیب نے ریما خان سے متعلق کہا تھا کہ وہ ایک فلم کی ہیروئن ڈھونڈنے ہیرا منڈی گئے تھے جہاں انہوں نے ریما کو دیکھا مگر انہیں کاسٹ نہیں کیا۔