بشریٰ بی بی کے غیر سیاسی فیصلوں نے انکی پارٹی کو تقسیم کیا ہے، عظمیٰ بخاری

12-12-2024

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے بشریٰ بی بی کی غیر سیاسی سوچ اور غیر سیاسی فیصلوں نے انکی پارٹی کو تقسیم کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا بدقسمتی دیکھیں 26 نومبر کو جو ”جھانسی کی رانی“بن رہی تھی آج وہ ”منہ چھپائی“کر رہی تھی، 23 نومبر کو شوہر کی طرح ازخود قوم سے خطاب کرنے والی بشریٰ بی بی آج ”اچھے بچوں“کی طرح خاموش ہے، 24 اور 26 نومبر کو خطاب کرنے والی بشریٰ بی بی آج اپنا انقلابی بھاشن پشاور چھوڑ آئی۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا 26 نومبر کو جو ڈی چوک فتح کرنے آئی تھی آج صحافیوں کے سوالوں پر ایک لفظ نہیں بول سکی، بشریٰ بی بی میڈیا کو بتاتی ڈی چوک سے بھاگنے کا پلان انکا تھا یا گنڈاپور کا تھا؟ آج قوم کو بتاتی ڈی چوک سے دوڑ کیوں لگائی؟ بیچاری نے پہلا انقلاب لیڈ کیا وہ بھی گلے پڑ گیا۔ عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا پی ٹی آئی کا” انقلاب فروم ہوم “مہینے میں ایک بار انگڑائی لیتا ہے، جیسے ہی ریاست اپنی رٹ قائم کرتی ہے انقلاب دم دبا کر بھاگ جاتا ہے۔