تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، گورنر پنجاب

12-12-2024

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا ہے تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے انجمن تاجران کے وفد کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں لاہور کی مختلف مارکیٹوں سے تاجروں کے نمائندے بھی وفد میں شامل تھے، وفد نے گورنر پنجاب کو مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا ملک کی معیشت بہتر ہو گی تو عوام خوشحال ہوں گے، تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل ہونا چاہئے، گورنر ہاؤس میں تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے فوکل پرسنز بنائے ہیں، ملک اور صوبے کو مشکلات سے نکالنا ہے۔ گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا مثبت تنقید اداروں کو آگے لے کر جاتی ہے، جہاں غلط ہو گا وہاں اصلاح کی نقطہ نظر سے نشاندہی کرتا رہوں گا۔ گورنر پنجاب نے وفد کو مسائل کیلئے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔