موٹرسائیکل سوار کی مسلسل لاپرواہی، ڈیڑھ لاکھ سے زائد جرمانہ عائد

12-11-2024

(لاہور نیوز) ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں پر ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکل سوار کو ایک لاکھ 54 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا جبکہ اسکی موٹرسائیکل بھی تھانہ میں بند کر دی۔

صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کیلئے سی ٹی او لاہور سمیت دیگر افسران شب و روز شہریوں کو آگاہی دینے میں مصروف عمل ہیں تاہم ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے پر وارڈنز کی جانب سے شہریوں کے چالان کئے جاتے ہیں۔ اسی طرح متعدد بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ٹریفک پولیس کی  جانب سے شہری پر ایک لاکھ 54 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار نے مسلسل لاپرواہی کا مظاہرہ کیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار شہری نے 73 بار ہیلمٹ ، 09 مرتبہ ٹریفک سگنل، 03 مرتبہ ون وے اور ایک مرتبہ لین لائن کیخلاف ورزی کی جس پر اس کیخلاف مذکورہ بالا جرمانہ عائد کیا گیا ہے تاہم موٹرسائیکل بھی تھانے میں بند کر دی گئی، چالان جمع کروانے کے بعد موٹرسائیکل شہری کے حوالے کر دی جائے گی، واضح رہے کہ کسی بھی موٹرسائیکل سوار کو ہونے والا یہ سب سے بڑا جرمانہ ہے۔