عمران خان کو اقتدار میں لانے والوں میں فیض حمید سرفہرست تھے: خواجہ آصف

12-11-2024

(لاہور نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اقتدار میں لانے والوں میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید سرفہرست تھے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ان دونوں کی پارٹنر شپ 9 مئی کو بھی تھی اور بعد میں بھی چلتی رہی، شہادتوں سے سامنے آئے گا کہ کس طرح 2018 میں دھاندلی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور اقتدار میں بہت سے سویلین کا ملٹری ٹرائل ہوا، عمران خان کے ملٹری ٹرائل بارے قانون فیصلہ کرے گا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ڈی چوک میں 12 ہلاکتوں کی بات کرتے ہیں لیکن رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی بات نہیں کرتے، صوبائیت کا کارڈ کھیل رہے ہیں، یہ آخری کارڈ ہے، سول نافرمانی کی تحریک شروع بھی نہیں ہو گی، جس کے بچے پاکستان بیٹھے ہیں وہ پیسے کیوں نہیں بھیجے گا۔