فیض حمید کا صرف کورٹ مارشل نہیں سزا بھی ہو گی: فیصل واوڈا
12-10-2024
(لاہور نیوز) سابق وفاقی وزیر وسینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ فیض حمید کا صرف کورٹ مارشل نہیں سزا بھی ہو گی۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے آج طاقتور کے احتساب کی بنیاد ڈال دی ہے، فیض حمید نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف شواہد دے دیئے ہیں، فوجی عدالتوں میں شواہد کے بعد چارج شیٹ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیض حمید کا صرف کورٹ مارشل نہیں سزا بھی ہو گی، فیض حمید سے موبائل، لیپ ٹاپ اور گھر سے شواہد لے لیے گئے ہیں، ابھی بہت کچھ دیکھیں گے اور رونگھٹے کھڑے ہو جائیں گے۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی چاہتی ہیں خدانخواستہ بانی پی ٹی آئی کو کچھ ہو جائے، وزیرآباد میں بانی پر فائرنگ سے متعلق بھی ابھی بہت کچھ سامنے آنا ہے، ارشد شریف کا کیس بھی کھلے گا، ابھی بہت کچھ ہونا باقی ہے، سول نافرمانی کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب نہ دمڑی نہ چمڑی رہے گی، بغاوت کی سزا سزائے موت یا عمر قید ہوتی ہے، قانون بدلنا ہو گا تو بدل بھی دیا جائے گا، احتساب ہو گا، تحریک انصاف کی جانب سے پہلا دھرنا پشاور میں دیا گیا، پشاور میں کور کمانڈر فیض حمید تھے، وزیرآباد فائرنگ والا کیس کھلے گا تولوگوں کے رونگھٹے کھڑے ہو جائیں گے۔