موٹرسائیکل لائسنس بنوانے والوں کیلئے 15 دسمبر تک آخری موقع
12-10-2024
(لاہور نیوز) موٹرسائیکل لائسنس کے اجراء پر جاری ریلیف میں صرف 5 روز باقی رہ گئے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹرسائیکل چلانے والوں کی چیکنگ جاری ہے، ایک ہی روز میں لرننگ اور ریگولر لائسنس بنوانے والوں کے لئے 15 دسمبر تک آخری موقع ہے، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے صرف موٹرسائیکل کے لرننگ لائسنس پر 42 دن کی مدت ختم کرکے ریلیف دیا۔ ترجمان نے کہا موٹر سائیکل لائسنس کی مہم سے 23 لاکھ سے زائد شہریوں نے فائدہ اٹھایا، 5 لاکھ 32 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس بنوائے ، 8 لاکھ 93 ہزار شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کئے، 6 لاکھ 78 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ اور ریگولر لائسنس کی تجدید کروائی۔ ترجمان نے بتایا ٹریفک پولیس نے 27 لاکھ سے زائد موٹرسائیکل سواروں کے لائسنس کی چیکنگ کی، 15 دسمبر تک موٹرسائیکل کے لرننگ لائسنس میں 42 دن کی مدت ختم رہے گی، 16 دسمبر سے بغیر لائسنس موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہو گا، بغیر لائسنس موٹرسائیکل چلانے والوں کو بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کا کہنا ہے قانونی کارروائیوں سے بچنے کے لئے شہری پہلی فرصت میں اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں، پاکستان کا کوئی بھی شہری صرف اصل شناختی کارڈ کے ہمراہ پنجاب سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتا ہے، انتظار اور قطار سے بچنے کے لئے لائسنس سینٹرز 24 گھنٹے فعال بنائے گئے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے شہری خدمت مراکز، لائسنسنگ سینٹرز ،آن لائن لائسنسنگ پورٹل سے فائدہ حاصل کریں، ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے بعد اپنا اور دوسروں کا سفر محفوظ بنائیں۔