نشو کا اپنے داماد ریمبو پر بیٹی سے تعلقات میں کشیدگی پیدا کرنے کا الزام

12-10-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی فلم انڈسٹری کی ماضی کی معروف اداکارہ نشو بیگم نے اپنی بیٹی، اداکارہ صاحبہ کے ساتھ پیچیدہ تعلقات کی وجوہات سے پردہ ہٹا دیا ۔

یوٹیوب پر اپنے ویلاگز کے ذریعے مقبول ہونے والی مقبول اداکارہ نشو نے بیٹی سے تعلقات میں کشیدگی پر وضاحت دیتے ہوئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ ایک باعزت اور صاف گو انسان ہیں اور  کسی سے معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ غلطی ان کی نہیں بلکہ دوسروں کی ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ اگر صاحبہ اور ان کے شوہر ان سے دور رہ کر خوش ہیں، تو انہیں اس پر اعتراض نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بیان میں ایک پوشیدہ پیغام ہے، جس میں وہ چاہتی ہیں کہ اگر ان کے دور رہنے سے صاحبہ کا گھر بچتا ہے، تو یہی بہتر ہے۔ یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ نشو کے اس پوشیدہ پیغام میں انہوں نے اپنے داماد ریمبو کو بیٹی سے تعلقات میں کشیدگی کا الزام دیا ہے۔ نشو نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ صاحبہ اور ان کے شوہر نے نجی معاملات کو عوام کے سامنے لے جانے کی غلطی کی۔ ان کے مطابق عزت دار اور خاندان پرست لوگ ذاتی مسائل کو سوشل میڈیا پر زیر بحث نہیں لاتے۔  سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ صاحبہ کو یوٹیوب پر ویڈیوز کے ذریعے گھر کا یہ مسئلہ اجاگر نہیں کرنا چاہیے تھا۔ یاد رہے کہ نشو بیگم کے بیانات کے بعد ان کی نجی زندگی کے تنازعات ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہے ہیں۔