مہنگائی نے عوام کا پیچھا نہ چھوڑا، سبز مصالحہ جات کے دام بے لگام
12-09-2024
(لاہور نیوز) مہنگائی نے عوام کا پیچھا نہ چھوڑا، سبز مصالحہ جات کے دام بے لگام ہیں۔
مہنگائی کے ساتھ منافع خوری نے عوام کی مشکلات مزید بڑھا دیں، سبز مصالحہ جات، موسمی سبزیاں، پھل اور پولٹری مصنوعات پہنچ سے دور ہیں، مارکیٹ میں سرکاری ریٹ لسٹ پر عمل درآمد بھی ممکن نہ بنایا جا سکا۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 4 سبزیوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا، پرچون میں پیاز 180 اور ٹماٹر 140 روپے فی کلو بیچے جا رہے ہیں، میتھی 80، اروی 200 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ پھلوں کی خریداری بھی جیب پر بھاری ہے، سرکاری ریٹ لسٹ میں 2 پھل مزید مہنگے ہو گئے، سیب درجہ اول 320 اور امرود 150 روپے فی کلو ہیں۔ شہری کہتے ہیں سرکاری ریٹ لسٹ پر کہیں عمل درآمد نہیں ہو رہا، اشیائے خورونوش کی قیمتیں سمجھ سے بالاتر ہیں۔ فارمی انڈے ایک روپیہ اضافے سے 351 روپے فی درجن ہو گئے جبکہ برائلر گوشت کی فی کلو سرکاری قیمت 8 روپے کمی سے 453 روپے مقرر کی گئی۔