رواں سال ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں موٹرسائیکل سوار سب سے آگے
12-09-2024
(لاہور نیوز) رواں سال میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں موٹرسائیکل سوار سب سے آگے رہے، 55 لاکھ 42 ہزار شہری قانون شکن نکلے۔
رواں سال ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد شہری لین لائن اور سٹاپ لائن ڈسپلن کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر 6 لاکھ 17 ہزار 488 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، 5 لاکھ 96 ہزار بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو چالان ٹکٹس جاری کئے گئے، کم عمر ڈرائیونگ پر 62 ہزار 778 گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور رکشوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے پر 69 ہزار 886 گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، اپلائیڈ فار اور بغیر نمبر پلیٹس 2 لاکھ 20 ہزار قانون شکن پکڑے گئے، ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر 40 ہزار 972 وہیکلز کے خلاف ایکشن لیا گیا، ٹریفک بہاؤ میں خلل ڈالنے پر ایک لاکھ 33 ہزار وہیکلز کے خلاف کارروائی کی گئی، ریڈ سگنل کراسنگ پر 46 ہزار، سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر 29 ہزار وہیکلز کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کا مقصد ٹریفک قوانین کی بالادستی اور منظم ٹریفک کو یقینی بنانا ہے، چالان کا مقصد ریونیو اکٹھا کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی اصلاح ہے۔