پاکستان نے آذربائیجان سے ایل این جی خریدنے کا فیصلہ کرلیا

12-08-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان نے اگلے ماہ آذربائیجان سے ایل این جی خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔

پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ ( جو گیس خریداری کی ذمہ دار ہے) ملک میں گیس کی طلب اور رسد کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے آج ایک ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے، جبکہ بورڈ پیر کو دوبارہ بیٹھے گا، جس میں آزربائیجان کی پیش کش کی منظوری دی جائے گی۔ اس اقدام نے سرکاری حلقوں میں بہت سے لوگوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے کیونکہ ایک جانب حکومت مقامی پروڈیوسرز سے سپلائی کم کرنے کو کہہ رہی ہے اور سسٹم میں گیس کی بھرمار کی وجہ سے قطر کی طرف سے سستی ایل این جی کی ترسیل کو بھی 2026 تک موخر کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ بجلی کی طلب میں کمی کی وجہ سے اس وقت ملک میں گیس کی فراوانی ہوچکی ہے،  جس کی وجہ سے حکومت نے قطر سے گیس منگوانے کو موخر کررکھا ہے اور مقامی پیداوار میں بھی کمی کی ہوئی ہے، پی ایل ایل کے ایک بورڈ ممبر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ مقامی پیداوار میں کمی کرکے مہنگی ایل این جی امپورٹ کرنے پر  وضاحت کی ضرورت ہے۔