وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز 8 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئیں
12-08-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف 8 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئیں، 10 رکنی وفد وزیر اعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں بیجنگ روانہ ہوا ہے جبکہ حکومتی وفد کا یہ دروہ 15 دسمبر تک جاری رہے گا۔
وفد میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، وزیر زراعت عاشق کرمانی شامل ہیں، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل، سیکرٹری ماحولیات راجہ جہانگیر انور، سٹاف آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ علی اعجاز اور دیگر بھی وفد کا حصہ ہیں۔ چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف سینٹرل کمیٹی کی جانب سے مریم نواز شریف کو چین دورے کی دعوت دی گئی تھی، وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے بیجنگ، شنگھائی، شن ژین اور گوانگ ژو کے دوروں کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے، ان کی سی پی سی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لیوجیان چاؤ سے ملاقات ہوگی، نائب وزیر محترمہ سن حیان وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گی۔ مریم نواز شریف کی سی پی سی کی مرکزی قیادت، ماحولیات کے وزیر سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، وزیر اعلیٰ پنجاب شی جی تان ہسپتال کا دورہ کریں گی جہاں ان کو چین میں صحت عامہ کے نظام پر بریفنگ دی جائے گی، وہ بیجنگ میونسپل کمیشن آف ٹرانسپورٹ کا دورہ کریں گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سائنس پارک، ماحولیاتی بہتری کی ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور جدید سائنسی طریقوں کے استعمال سے متعلق اداروں کا بھی دورہ کریں گی، درآمدی اشیا کی نمائش میں بھی شرکت کریں گی، مریم نواز چین کے ایک پرائمری سکول کا دورہ کریں گی جہاں ان کو چین میں تعلیمی نظام پر بریفنگ دی جائے گی۔