شادی ہالز مالکان کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی سے لائسنس حاصل کرنا لازمی قرار
12-08-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان کے تمام شادی ہالوں کے مالکان اور شادی ہال کا کاروبار شروع کرنے والے افراد کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی سے لائسنس حاصل کرنا لازمی ہو گا۔
فوڈ اتھارٹی کھانے کے کسی بھی پہلو سے متعلق معیارات، طریقہ کار، عمل اور رہنما خطوط وضع کرتی ہے جس میں فوڈ بزنس، فوڈ لیبلنگ، فوڈ ایڈیٹیو اور مناسب نفاذ کے نظام کی وضاحت بھی شامل ہے، یہ ادارہ فوڈ سیفٹی اور کوالٹی کے معیارات کو نافذ رکھنے کیلیے پنجاب بھر میں فوڈ بزنس کیلیے اجازت نامہ جاری کرتا ہے۔ شادی ہال کے کاروبار کا براہ راست تعلق کھانے پینے کی اشیا سے ہے جو تقریبات میں مہمانوں کو پیش کی جاتی ہیں، اسی طرح پی ایف اے کھانے کے معیار اور عمل سے متعلق ہر پہلو کا جائزہ لینے کے بعد شادی ہال کا لائسنس جاری کرتا ہے جس کیلیے مخصوص فیس بھی وصول کی جاتی ہے۔ فوڈ اتھارٹی نے کاروبار کو آن لائن رجسٹر کرنا آسان بنا دیا ہے، شادی ہالز مالکان فارم پُر کر کے رجسٹریشن کیلیے درخواست دے سکتے ہیں، درخواست دہندہ آن لائن فارم کے ذریعے کاروبار سے متعلق تفصیلات فراہم کر کے شادی ہال کے لائسنس کی فیس کا حساب بھی لگا سکتا ہے۔ جو تفصیلات فراہم کرنا ہیں ان میں بزنس کیٹیگری، سرمایہ کاری یا اسٹاک پوزیشن، یومیہ فروخت، کرایہ، ملازمین کی تعداد، مقام اور یوٹیلیٹی بلز شامل ہیں، 30 لاکھ روپے تک کی سرمایہ کاری اور 75 سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش والے شادی ہال کے لائسنس کی فیس لگ بھگ 50 ہزار روپے ہے۔