شاہد آفریدی نے صائم ایوب کو پاکستان کا مستقبل قرار دے دیا

12-08-2024

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب کو پاکستان کا مستقبل قرار دے دیا۔

بوم بوم آفریدی نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی صائم ایوب تینوں فارمیٹس میں ملک کے لیے ٹاپ پرفارمر بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں لیکن یہ بدقسمتی سے تیزی سے ضائع ہو جاتا ہے، انہوں نے کراچی میں سیمنٹ وکٹ کرکٹ کے خاتمے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہی وہ وکٹیں تھیں جہاں سے بہترین بلے باز پیدا ہوتے تھے۔ انہوں نے آل راؤنڈر عامر جمال کو عبدالرزاق کی یاد تازہ کرنے والا کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے، انہوں نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ سوشل میڈیا پر وقت ضائع کرنے کے بجائے اپنی پرفارمنس پر توجہ دیں۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پلیئرز کو کرکٹ صرف ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کھلائی جاتی ہے، نہ کہ ان کے سوشل میڈیا فالورز کی وجہ سے۔بھارت کے ساتھ کرکٹ تعلقات پر آفریدی کا کہنا تھا کہ مضبوط موقف اختیار کرنے کے لیے پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہوگا۔ آئی سی سی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ کرکٹ کو سب کے لیے کھیلنا ہے یا صرف پیسے کو ترجیح دینی ہے، چیمپئنز ٹرافی کے لئے اگر بھارت پاکستان نہیں آتا تو ہمیں بھی وہاں نہیں جانا چاہیے۔