عمران خان کی سول نافرمانی کی کال مضحکہ خیز ہے، ناکام ہو گی: عطا تارڑ
12-08-2024
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سول نافرمانی کی کال مضحکہ خیز ہے، ان کی سول نافرمانی کی کال ناکام ہو گی۔
لاہور میں کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ میرے اوپر زیادہ لازم ہے، ہم کرسمس کو بھرپور طریقے سے منائیں گے، کرسچن کمیونٹی کی ہر خوشی اور غم میں ساتھ کھڑا ہوں، کرسچن کمیونٹی نے دنیا کے بہترین فائٹر پائلٹ پیدا کئے، تمام کمیونٹیز اس ملک کیلئے کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ظلم، تشدد اور نفرت کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے، پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے، ہمیں جو بھی نعمتیں حاصل ہیں وہ اس ملک کی بدولت ہیں، اس ملک میں اب تشدد اور انتشار نہیں ہو سکتا، جہاں بھی تشدد اور انتشار ہو گا ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہے تو سیاستیں اور وزارتیں ہیں، ہم نے ملک کے مفاد میں چیزوں کو آگے لے کر چلنا ہے، بیرونی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، انٹرسٹ ریٹ 15 فیصد اور مہنگائی 4.8 فیصد پر ہے، مہنگائی 2018 کے بعد سب سے کم سطح پر پہنچی ہے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ عوام نے نافرمانی اور تشدد کی سیاست کو رد کر دیا ہے، جھوٹا بیانیہ بنایا جا رہا ہے، لاشوں کی سیاست کی جا رہی ہے، پوچھنا چاہتا ہوں بھاگے کیوں؟ کھڑے رہتے، تم بچپن سے ہی نافرمان تھے، تم سول نافرمانی کرو یا جو دل چاہے یہ تمہاری اپنی مرضی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ مسائل کا حل چاہتے ہیں، لوگ یہ نہیں چاہتے کہ دھرنے شروع کر دو، اب تم جو مرضی کر لو اب دال نہیں گلنے والی، تم دم دبا کر بھاگے ہو، لطیف کھوسہ کو اب آرام کرنا چاہئے، ان کی سیاست کی عمر نہیں رہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ لاشوں کی سیاست کر رہے ہیں، اصل ویڈیو سامنے لے آتے تو جھوٹی غزہ اور فلسطین کی ویڈیوز کا سہارا نہ لینا پڑتا، یہ انتشار چاہتے ہیں جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، دہشتگردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہو رہا ہے۔ عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں امن و امان کے معاملے پر سنجیدہ نہیں، کرم میں لاشیں گریں دیگر معاملات ہوئے، کے پی حکومت کی امن وامان کی طرف توجہ نہیں ہے، یہ جھوٹے بیانیے پر سارا پیسہ لگا رہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جو کچھ ہو سکا وفاقی حکومت کرے گی۔