جناح ہاؤس حملہ کیس: عالیہ حمزہ سمیت 11ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری

12-07-2024

(لاہورنیوز) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عالیہ حمزہ ملک اور طیبہ راجہ سمیت 11 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

انسداد دہشتگری عدالت کے جج منظر علی گل نے جن ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے، ان میں عطا الرحمٰن، ارباز خان، عبد الرزاق، علی اسد، ہاشم مقصود، فرحان بخاری، عاطف منیر، صغیر کمال، عباس علی اور عمران شامل ہیں۔عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے 19 دسمبر کو پیش کیا جائے دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کا مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے ضامن کے خلاف کاروائی شروع کردی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے عالیہ حمزہ کے ضامن کو 20 دسمبر کے لیے طلبی کے نوٹس جاری کر دیے، نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اگر پیش نہ ہوا تو عدالت ضامن کی گرفتاری کا حکم دے سکتی ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ عالیہ حمزہ ضمانت کرانے کے بعد پیش نہیں ہو رہیں، ایس ایچ او تھانہ شادمان کو حکم دیا گیا ہے کہ ضامن کو 20 دسمبر کو پیش کرے۔ واضح رہے کہ 30 نومبر کو انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں قصور وار قرار دے دیا تھا جبکہ عدالت نے عمران خان کی ہنگامہ آرائی کے وقت زیر حراست ہونے کی دلیل بے وزن قرار دے دی تھی۔