سیاسی استحکام کیلئے جماعتیں سرجوڑ کر بیٹھیں: رانا ثنا اللہ

12-06-2024

(لاہور نیوز) مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے لیے جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھیں۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ موجودہ سیٹ اپ کو وقت دیا جائے، آج پاکستان اکنامک بحران سے نکل آیا ہے، اس کو ہٹا دیں، اس کو لے آئیں ملک اس کا متحمل نہیں ہو سکتا، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے سیاسی جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھیں، جب تک سر جوڑ کر نہیں بیٹھیں گے، سیاسی استحکام نہیں آئے گا، ملک کو قومی حکومت نہیں، سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ مشیر سیاسی امور  نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی کی لیڈر شپ نے سیاسی ڈائیلاگ شروع کرنا ہے، ادارے نے تو کلیئر کر دیا تھا کہ ڈائیلاگ سیاسی جماعتوں نے کرنے ہیں، رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا سے مجھے ہمدردی ہے، کچھ لوگ سسٹم کے لاڈلے ہوتے ہیں وہ لاڈیاں کرتے ہیں، سسٹم کے لاڈلے سے گھبراہٹ نہیں ہونی چاہیے، فیصل واوڈا سسٹم سے باہر نہیں جا سکتے، ان  کو سینیٹر بنا کر ہم بھول گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا نے ہمیں اپنی یاد تو دلانی ہے، میں وزیر اعظم سے کہوں گا فیصل واوڈا کو بلائیں اور ان کا خیال کریں، مولانا فضل الرحمان کا گلا دور کر دیں گے، مذاکرات کی مشروط پیشکش کے بعد بات چیت کیسے ہو سکتی ہے۔ مشیر سیاسی امور کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ جیلوں میں ہیں ان کی رہائی عدالتوں سے ہونی ہیں، یہ بتائیں 278 لاشیں کہاں ہیں جن کے بارے میں کہا گیا تھا کہ قتل کیا گیا ہے، ہم  نے مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کیا، اگر سول نافرمانی کی تحریک چلائی گئی تو وہ بری طرح ناکام ہو گی۔