تیسری بغاوت ناکام ہونے پر پشتون کارڈ کھیلنا قابل مذمت ہے: عظمیٰ بخاری

12-05-2024

(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ تیسری بغاوت ناکام ہونے پر پشتون کارڈ کھیلنا قابل مذمت ہے۔

پی ٹی آئی کے گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے بلائی جانیوالی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے انکار پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ امن و امان کے لئے آل پارٹیز کانفرنس میں خیبرپختونخوا حکومت کا شرکت سے انکار شرمناک ہے، جو جماعت 12 سال سے خیبرپختونخوا میں برسر اقتدار ہے اسے صوبے میں امن نہیں چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب تمام تحریکیں اور تمام کارڈ پٹ گئے تو پشتون کارڈ کو لسانیت کے طور استعمال کیا جا رہا، پشتونوں کے بچوں کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی اپنے ناپاک عزائم کے لئے استعمال کر رہے ہیں، کے پی میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک حد تک پہنچ گئی ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ علی امین کو صوبے میں قیام امن کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنا چاہئے تھا، علی امین کے پاس اڈیالہ جیل کے قیدی کی کال پر اسلام آباد پر حملہ آور ہونے کے لئے وقت اور وسائل ہیں لیکن پشتون قوم کے بہتر مستقبل کے لئے وقت ہی نہیں۔ لیگی رہنما نے کہا کہ آئے روز دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں، فوج، پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کے جوان وطن کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، فتنہ پارٹی انہی سکیورٹی فورسز کے خلاف گھٹیا مہم چلانے میں مصروف ہے۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ علی امین کو صوبے کے لوگوں کے مستقبل میں دلچسپی نہیں تو مستعفی ہو جائیں، ویسے بھی ان کا کرسی پر بیٹھے رہنا پشتونوں کے لئے کوئی نیک شگون نہیں۔