ایف آئی اے نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا
12-05-2024
(لاہور نیوز) ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گوجرانوالہ نے کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا۔
حکام کے مطابق ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم ادریس احمد کو گرفتار کیا ہے، ملزم کے قبضے سے 56 لاکھ روپے پاکستانی،31 ہزار 557 امریکی ڈالرز، ایک لاکھ 5 ہزار 861 سعودی ریال، 13 ہزار 200 یورو برآمد ہوئے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم سے 67 ہزار 700 ترکش لیرا، ایک ہزار 585 یو اے ای درہم، ایک ہزار 535 برطانوی پاؤنڈز، 10 ہزار کورین یوآن، 161 عمانی ریال، 240 آسٹریلین ڈالرز اور 200 قطری ریال برآمد ہوئے۔ حکام کا مزید بتانا ہے کہ ملزم سے سوئس فنک، ملائیشین رنگٹ، کویتی اور بحرینی دینار بھی برآمد ہوئے، برآمد ہونے والی کرنسی کی مجموعی مالیت 2 کروڑ 70 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد ہے، ملزم سے موبائل فونز اور چیک بکس بھی برآمد ہوئے ہیں۔