پی آئی اے کی پروازوں سے پابندی ہٹانے کیلئے برطانوی پارلیمنٹ میں بھی گونج

12-05-2024

(لاہور نیوز) پی آئی اے کی پروازوں سے پابندی ہٹانے کے لئے برطانوی پارلیمنٹ میں بھی آوازیں بلند ہونے لگیں۔

پاکستانی نژاد برطانوی ممبر پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے برطانیہ میں پی آئی اے کی پروازوں سے پابندی ہٹانے کا مطالبہ کر دیا، برطانوی ممبر پارلیمنٹ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیکرٹری کو مراسلہ لکھ دیا۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین ایوی ایشن ایجنسی نے بھی پی آئی اے سے پابندی ہٹا دی ہے، برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ بھی پی آئی اے پر پابندی ہٹائے، براہ راست پروازوں سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت میسر ہو گی، براہ راست پروازیں نہ ہونے سے پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کو لکھے گئے مراسلہ میں کہا گیا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو اپنے پیاروں کے جسد خاکی پاکستان آبائی علاقوں میں لے جانے کی بھی سہولت میسر آئے گی۔ مراسلہ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان سول ایوی ایشن کے حکام کی قابلیت کے باعث یورپ میں پاکستانی ایئرلائنز پر پابندی ہٹانے میں مدد ملی، برطانیہ میں بھی پاکستانی ایئرلائنز کی فوری بحالی کے اقدامات کئے جائیں۔