چیمپئنز ٹرافی پر ڈیڈ لاک برقرار، آئی سی سی میٹنگ میں آج اہم فیصلے متوقع

12-05-2024

(لاہور نیوز) چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد اور شیڈول پر تاحال ڈیڈ لاک برقرار ہے تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) کی آج ہونے والی اہم میٹنگ میں بڑے فیصلے متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق آج دبئی میں ہونے والی آئی سی سی کی میٹنگ کا بنیادی ایجنڈا جے شاہ کا بطور آئی سی سی چیئرمین استقبال ہے جبکہ آئی سی سی میٹنگ میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی پر بھی گفتگو ہو گی۔ ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کیلئے براڈکاسٹرز اور پروڈکشن ورکشاپ بھی آج دبئی میں منعقد ہو گی۔ واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاملے کی گتھی تاحال سلجھ نہ سکی اور ڈیڈ لاک برقرار ہے جبکہ پاکستان نے آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کو اپنا مؤقف کھل کر بتا دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے تنازع کے دیرپا حل کیلئے پارٹنرشپ فارمولا پیش کر چکا ہے جس کے مطابق پاکستان اور بھارت دونوں ممالک ایک دوسرے کے ملک میں کوئی ایونٹ نہیں کھیلیں گے۔ یہ فارمولا چیمپئنز ٹرافی سے لاگو ہو گا اور 3 برس تک رہے گا جس کے تحت بھارت دبئی میں میچز کھیلے گا اور پاکستان بھی اگلے 3 سال تک اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارتی کرکٹ بورڈ یا آئی سی سی سے اس فارمولے پر تاحال کوئی جواب نہیں ملا۔