عمران خان کیخلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی تعداد76 ہو گئی

12-05-2024

(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی تعداد 76 ہو گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکلاء شاہینہ شہاب اور مرزا عاصم بیگ عدالت پیش ہوئے۔ دوران سماعت اسلام آباد پولیس کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مقدمات کی نئی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی ۔ پولیس رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی احتجاج کے بعد عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں مزید 14 مقدمات درج کر لیے گئے، اس سے قبل بانی پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد میں 62 مقدمات درج تھے، نئے مقدمات کے بعد عمران خان کیخلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی تعداد 76 ہو گئی ہے۔ سماعت کے دوران عمران خان کیخلاف بلوچستان میں درج مقدمات کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ عمران خان کیخلاف بلوچستان میں دو مقدمات میں سے ایک مقدمہ خارج ہوچکا ہے۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اسلام آباد کی کچھ ایف آئی آرز سیل ہیں جس پر عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ان کے پاس پولیس رولز کے اختیارات ہیں، جوڈیشل مجسٹریٹ کو درخواست دیں۔ بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف درج مقدمات کے حصول کیلئےان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی درخواست نمٹا دی۔