عالمی اردو کانفرنس کا آج سے آغاز، تیاریاں مکمل

12-05-2024

(لاہور نیوز) آرٹس کونسل کراچی میں چار روزہ عالمی اردو کانفرنس کا آج سے آغاز ہو رہا ہے جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

چار روزہ 17ویں عالمی اردو کانفرنس کی افتتاحی تقریب آج شام 5 بجے وائے ایم سی گراؤنڈ میں ہوگی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ مہمان خصوصی ہوں گے، کانفرنس میں ملکی و غیرملکی ادیب اور شعرا شرکت کریں گے۔ صدر آرٹس کونسل احمد شاہ کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں 64 سیشنز ہوں گے، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے سیشن میں اس کے فوائد اور نقصانات پر بات ہو گی۔ شرکاء کے لئے بڑی تعداد میں کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ سٹیج بھی تیار کیا گیا ہے، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ خطبہ استقبالیہ جبکہ حمید ہارون کلیدی مقالہ پیش کریں گے۔ تقریب میں آرٹس کونسل کے قیام کے 70 سالہ جشن کے موقع پر کیک بھی کاٹا جائے گا اور ایوارڈ بھی دیئے جائیں گے، دوسرے اجلاس ”میں ہوں کراچی‘‘ میں انور مقصود، تابش ہاشمی اور وسیم بادامی گفتگو کریں گے۔ عالمی اردو کانفرنس پر ٹریفک پلان جاریعالمی اردو کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے قبل وائے ایم سی اے گراؤنڈ اور اطراف میں ٹریفک کے لیے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے اعلامیہ کے مطابق عالمی اردو کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے چار روز تک ایم ار کیانی چوک سے ایوان صدر روڈ شام 4 سے رات 9 بجے تک بند رہے گا۔ مسجد اہلحدیث سے سندھ اسمبلی آنیوالا روڈ کورٹ روڈ بھی بند رہے گا جبکہ پریس کلب چوک سے ایوان صدر روڈ، پریس کلب چوک سے دین محمد وفائی روڈ اور شاہین کمپلیکس سے ایم آر کیانی چوک پر کمرشل گاڑیوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اردو کانفرنس کی وائے ایم سی اے میں ہونے والے سیشن میں شرکت کے لیے آنے والوں کے لیے سرور شہید روڈ، پولو گراؤنڈ کے سامنے، سندھ اسمبلی کے سامنے اور فیزی لائبریری کے سامنے پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔