آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کیلئے پر عزم ہیں: وفاقی وزیر خزانہ

12-04-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کیلئے پر عزم ہیں، معاشی اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت ترقی کے راستے پر گامزن ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی واقع ہوئی ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح 70 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، ہم  نے اب معاشی بنیادوں کے استحکام کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں بہتری کے بعد پالیسی ریٹ میں کمی کی گئی، پالیسی ریٹ میں کمی سے صنعت ترقی کرے گی، ہاؤسنگ کے شعبے کا معیشت میں اہم کردار رہا ہے، حکومت نجی شعبے کو پالیسی گائیڈ لائن دے گی، آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کیلئے پر عزم ہیں، معاشی اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کم لاگت کے گھروں کی تعمیر اہم ہے، گھروں کی تعمیر کیلئے شرح سود میں کمی اہم کردار ادا کرے گی، سستے گھروں کی تعمیر میں مائیکروفنانس بینکوں کا اہم کردار ہو گا، اب حکومت مقامی سطح پر قرضے نہیں  لے گی، حکومت نجی شعبے کی ہر سطح پر سپورٹ کیلئے تیار ہے، حکومت اب ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مارٹگیج فنانسنگ کے حوالے سے سٹیٹ بینک سے بات چیت ہو گی، سب اچھے کی خبر اس وقت تک نہیں ہے جب تک ہم لوگوں کو اعتماد میں نہ لیں، بینکنگ انڈسٹری زیادہ پیسہ خرچ کرتی ہے اس کا پتہ چلنا چاہئے، حکومت کا کام پالیسی کا تسلسل اور درست ماحول فراہم کرنا ہے، حکومت ہر جگہ اپنا تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔