فیک نیوز پر 5 سال قید یا 10 لاکھ جرمانہ، سائبر کرائم ترمیمی بل تیار
12-03-2024
(لاہور نیوز) حکومت نے سائبر کرائم ترمیمی بل کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا جس کے تحت فیک نیوز دینے والے کو 5 سال قید یا 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہو گی۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے سائبر کرائم ترمیمی بل کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا ہے جس کے تحت ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی کو سوشل میڈیا سے مواد بلاک کرنے یا ہٹانے کا اختیار ہو گا اور اتھارٹی قانون نافذ کرنے والے اداروں یا کسی شخص کے خلاف مواد ہٹانے کے احکامات جاری کر سکتی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والوں سمیت دیگر اداروں یا کسی شخص کے خلاف خبر دینے اور دہشت پھیلانے والا مواد ہٹا دیا جائے گا۔ اتھارٹی کے پاس ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پھیلانے سے متعلق مواد کو بھی ہٹانے کا اختیار حاصل ہو گا۔ ترمیمی بل کے تحت کسی شخص کو ڈرانے، جھوٹا الزام لگانے اور پورنو گرافی سے متعلق مواد کو بھی ہٹایا جا سکے گا جبکہ جان بوجھ کر جھوٹی معلومات پھیلانے، خوف و ہراس اور بدگمانی پیدا کرنے والوں کو 5 سال قید یا 10 لاکھ روپے جرمانہ ہو گا۔ حکام کے مطابق اتھارٹی کا ایک چیئرمین اور 6 اراکین ہوں گے جبکہ اتھارٹی کے فیصلے کے خلاف ٹریبونل سے رجوع کیا جا سکے گا۔