پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم، فریقوں سے 15 جنوری کو جواب طلب

12-03-2024

(لاہور نیوز) پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم سے متعلق کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقوں سے جواب طلب کر لیا گیا۔

پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کے معاملے پر جسٹس شجاعت علی خان نے سابق میئر مبشر جاوید کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں آئین کے برعکس ترامیم کی گئیں، مالی اور انتظامی اختیارات انتظامی افسران کو دے دیئے گئے، لوکل باڈیز کے الیکشن وقت پر نہ کرانا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا شہریوں کو اپنی مقامی قیادت منتخب کرنے کے حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کو کالعدم قرار دے، الیکشن کمیشن کو بروقت الیکشن کرانے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقوں سے 15 جنوری کو جواب طلب کر لیا۔