جلاؤ گھیراؤ کیس: شاہ محمود، یاسمین راشد و دیگر کی فرد جرم کیخلاف درخواستیں خارج

12-02-2024

(لاہور نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقاریر اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کی فرد جرم کیخلاف درخواستیں خارج کر دیں۔

انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی مقدمات کی سماعت کی، عدالتی عملے نے کوٹ لکھپت جیل میں ملزمان کی حاضری مکمل کی، دوران سماعت پراسیکیوشن کے گواہان شہادتیں قلمبند کرانے کے لئے پیش نہیں ہوئے، پراسیکیوشن نے گواہان پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی۔ بعدازاں عدالت نے شیرپاؤ پل پر اشتعال انگیز تقاریر اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات کے جیل ٹرائل میں یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی و دیگر کی فرد جرم کیخلاف اپیلیں خارج کر دیں اور جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی، یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر  نے مقدمہ میں فرد جرم کو عدالت میں چیلنج کر رکھا تھا۔