خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، سارہ احمد
12-02-2024
(لاہور نیوز) کمیٹی آن جینڈر مین سٹریمنگ کی کنوینئر سارہ احمد کا کہنا ہے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
یو این ویمن کی جانب سے صنفی تشدد کے خاتمے کے حوالے سے جاری خصوصی مہم کے حوالے سے اپنے پیغام میں سارہ احمد نے کہا خواتین کے حقوق کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر قیادت حکومت پنجاب خواتین کے تحفظ کیلئے نئے قوانین متعارف کروا رہی ہے، یو این ویمن کی جانب سے صنفی تشدد کے خاتمے کیلئے 16 روزہ خصوصی مہم 25 نومبر سے جاری ہے، یو این ویمن کی مہم خواتین کے حقوق کیلئے عالمی عزم کی علامت ہے۔ کنوینئر کمیٹی سارہ احمد کا کہنا تھا خواتین کو مساوی حقوق اور تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، صنفی تشدد کے خلاف شعور اجاگر کرنے کیلئے میڈیا کا کردار اہم ہے، معاشرے کو صنفی مساوات کے اصولوں پر استوار کرنا ہماری ذمہ داری ہے، یو این ویمن کی مہم کا مقصد خواتین کو سماجی تحفظ فراہم کرنا ہے۔