برائلر کی سپلائی میں بہتری، مرغی کا گوشت 14 روپے فی کلو سستا

12-02-2024

(لاہور نیوز) برائلر کی کھپت کے مقابلے میں سپلائی بہتر ہونے سے مرغی کا گوشت 14 روپے فی کلو سستا ہو گیا۔

مرغی کے گوشت کی قیمت 461 روپے ہو گئی، زندہ برائلر کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کمی دیکھنے میں آئی، زندہ برائلر ہول سیل 304 روپے، پرچون ریٹ 318 روپے کلو مقرر ہو گیا۔ ادھر فارمی انڈوں کی قیمت میں کمی نہ آ سکی، فی درجن فارمی انڈوں کی قیمت 350 روپے برقرار ہے، مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی 10 ہزار 380 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ دوسری جانب سرکاری ریٹ لسٹ میں ایک پھل اور 4 سبزیاں مزید مہنگی کر دی گئیں، مارکیٹ میں سبزیاں سرکاری نرخ نامے کے برعکس مہنگے داموں بیچی جا رہی ہیں۔ کیلا درجہ اول 150، درجہ دوم 120 روپے درجن بیچا جا رہا ہے، انار بدانہ 80، ایرانی کھجور 58، انگور سندر خانی 450 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے، پیاز کی سرکاری قیمت 150 روپے، مارکیٹ میں 180 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ ٹماٹر کی سرکاری قیمت 150، مارکیٹ میں 200 روپے کلو بیچا جا رہا ہے، لہسن چائنہ 780، ادرک 550، ٹینڈے 130 روپے کلو بیچے جا رہے ہیں۔