سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا میں 2 آپریشنز، 8 خوارج ہلاک، کیپٹن سمیت2شہید
12-01-2024
(لاہورنیوز) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن سمیت 2 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں کے علاقے بکا خیل میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا، اس دوران فورسز نے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ 9 زخمی ہوگئے، آپریشن کے دوران پاک فوج کے سپاہی افتخار حسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی ضلع خیبر کے علاقے شگئی میں کی، اس دوران 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ 2 کو سکیورٹی فورسز نے گرفتار کرلیا۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع خیبر میں ہونے والے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے کیپٹن محمد زوہیب الدین شہید ہوگئے جبکہ مارے گئے، دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عام بے گناہ شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں کسی بھی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔