سنگل یوز پلاسٹک کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز 10 دسمبر سے ہو گا

12-01-2024

(لاہور نیوز) ای پی اے پنجاب نے سنگل یوز پلاسٹک کے قوانین میں ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جبکہ سنگل یوز پلاسٹک کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز 10 دسمبر سے ہو گا۔

کریک ڈاؤن میں سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال، تیاری، خرید و فروخت پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر 5 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانے عائد کیے جائیں گے جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں جگہ سیل اور مواد بھی ضبط کر لیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 75 مائیکرون سے کم پلاسٹک شاپنگ بیگز کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، پلاسٹک کے خاتمے کے لیے عوام کو 9 دسمبر تک مہلت دی گئی ہے، اس کے بعد کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ای پی اے نے ہر ضلع میں پلاسٹک مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں اور میڈیا مہم و عوامی آگاہی کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے تاہم ڈی سی اور ڈی پی اوز کے ساتھ مؤثر نفاذ کیلئے میٹنگز کے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔