دنیا نیوز کے 16 سال مکمل ہونے پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کی مبارکباد

12-01-2024

(لاہورنیوز) دنیا نیوز نیٹ ورک کے 16 سال مکمل ہونے پر صدر مملکت اور وزیراعظم نے مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ "دنیا نیوز" اوراس کی ٹیم کو 16 سال کا سفر مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، دنیا ٹی وی نے پاکستان کے میڈیا منظرنامے میں نمایاں مقام حاصل کیا۔آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا ٹی وی 16 سال میں عوام کو مستند خبریں اور بہترین تجزیئے پیش کرتا آیا ہے، دنیا ٹی وی لوگوں کیلئے ملکی اورعالمی مسائل پر آگاہی کا باعث بنا۔ اپنے پیغام میں صدر مملکت نے مزید کہا کہ حالات حاضرہ، عوامی مسائل اور بین الاقوامی خبروں پر دنیا ٹی وی کا کردار مثبت رہا، امید ہے دنیا ٹی وی مستقبل میں بھی اعلیٰ صحافتی اقدار کو برقرار رکھے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دنیا ٹی وی کی سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا ٹی وی کو 16 سالہ سفر مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، دنیا ٹی وی نے مثبت رپورٹنگ کرکے صحافتی اقدار کو برقرار رکھا۔شہباز شریف نے کہا کہ دنیا ٹی وی نے عوام تک مستند خبریں پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کیا، مجھے پورا یقین ہے دنیا ٹی وی مستقبل میں بھی اعلیٰ صحافتی اقدار کو برقرار رکھے گا۔