سیاسی استحکام سے ملک میں معاشی استحکام ممکن ہو گا: بلاول بھٹو

11-30-2024

(لاہور نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا اور دہشتگردی کا خاتمہ ہو گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے 57 ویں تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی آج بھی ملک کے کونے کونے میں موجود ہے، ملک کے 150 علاقوں سے مخاطب ہوں، ہماری جماعت تین نسلوں کی جدوجہد کے بعد آج بھی ملک کے کونے کونے میں موجود ہے، پیپلز پارٹی کی یہ طویل جدوجہد پاکستان کی عوام، جمہوریت اور معاشی ترقی کے لئے عوام کے سامنے ہے، ہمارا سفر شہید ذوالفقار علی بھٹو سے شروع ہوا جنہوں نے نہ صرف جمہوریت کی بنیاد رکھی بلکہ سرزمین بے آئین کو پہلا متفقہ اسلامی جمہوری وفاقی آئین دیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ قائد عوام  نے پاکستان کو ایٹمی ہتھیار کا تحفہ دیا جس کی بدولت پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کے خلاف تحفظ فراہم کیا تھا، بدقسمتی سے پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم کو عدالتی قتل کے ذریعے شہید کیا گیا، عوام قائد عوام کی سوچ کو پاکستان کے مسائل کا حل سمجھتے ہیں، انہوں نے اس ملک کو سب سے پہلے عوام دوست معاشی پالیسی دی تھی، روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر اور انقلابی اصلاحات کرنے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار عوام کو فائدہ پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ آمروں نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کے لئے تمام طریقہ کار اختیار کئے مگر عوام کے ساتھ، کارکنوں کے خون اور محنت کی وجہ سے ہماری جماعت شہید محترمہ بینظیر کی قیادت میں موجود رہی، ایک نہتی لڑکی نے پارٹی کی قیادت کرتے ہوئے ایک نہیں دو آمروں کا مقابلہ کیا، شہید بے نظیر بھٹو  نے مشکل حالات کے باوجود تمام سازشوں کا سامنا کیا، انہیں شہید نہ کیا جاتا تو وہ تیسری بار ملک کی وزیر اعظم بنتی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 2013 میں پیپلزپارٹی ملک میں انقلابی اصلاحات لائی جو کچھ لوگوں کو پسند نہیں آئیں، صدر زرداری کے دور میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ملک میں غربت کا مقابلہ کیا گیا، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملکی مفادات کو سامنے رکھا، ہم ملک میں امن وامان اور دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی ملک میں استحکام اور معاشی ترقی چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں کے ملک میں تمام ادارے اپنے اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں، اس وقت کچھ سیاسی جماعتیں اپنے دائرے میں رہ کر کام نہیں کر رہی ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کی واحد دلچسپی اپنے لیڈر کو جیل سے نکالنا ہے، اپوزیشن اس وقت جمہوری نہ سیاسی، اسلام آباد میں بھی نو مئی جیسا حالیہ واقعہ ہوا جو سیاسی دائرے میں نہیں آتا، پیپلزپارٹی کے پاس ملک کے تمام مسائل کا حل ہے، ہم مثبت سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور ہماری پارٹی عوام کے مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتی ہے۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کا ہمیشہ موقف رہا کہ سیاسی مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہونے چاہئیں، سیاسی استحکام سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا اور دہشتگردی کا خاتمہ ہو گا، ہم دوبارہ دہشتگردوں کا مقابلہ کرکے انہیں شکست دیں گے، دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ امن قائم کرنے کے بجائے گولیاں چلانے کی دھمکیاں دیتا ہے، گولیاں چلانے کی دھمکی کس قسم کی سیاست ہے ، اتنی غیر ذمہ دارانہ سیاست اور حکومت نہیں دیکھی، پارا چنار میں جس طرح خون کی ندیاں بہائی گئیں ، ایسے واقعات سے ریاست کی رٹ ختم ہو جاتی ہے۔