حج درخواستوں کی مجموعی تعداد 34 ہزار 732 تک پہنچ گئی: وزارت مذہبی امور
11-29-2024
(ویب ڈیسک) وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ مختلف بینکوں میں 28 نومبر جمعرات تک مجموعی طور پرحج درخواستوں کی تعداد 34 ہزار 732 تک پہنچ گئی۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج درخواستوں کی وصولی میں تیزی آگئی ہے، ملک کے 15 بینکوں کی نامزد شاخوں میں حج درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں، ریگولر حج سکیم میں درخواستوں کی تعداد34ہزار381 تک اور سپانسر سکیم کی درخواستوں کی تعداد351تک پہنچ گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق حج درخواستوں کی وصولی کے لئے 30نومبر اور یکم دسمبر کو نامزد بینک کھلے رہیں گے، حج اخراجات کی پہلی قسط دو لاکھ روپے درخواست کے ساتھ جمع ہو گا، قرعہ اندازی کے دس دن کے اندر مزید 4 لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے۔ ترجمان نے مزیدبتایا کہ حج درخواستوں کی وصولی 3 دسمبر تک جاری رہے گی، سرکاری حج سکیم کی قرعہ اندازی 6 دسمبر کو ہو گی، سپانسر شپ سکیم کے تحت بغیر قرعہ اندازی 5 ہزار نشستیں مخصوص ہیں۔