(ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی زمان پارک سے روانہ ہوگئیں، بشریٰ بی بی چند روز لاہور میں قیام کے بعد پشاور روانہ ہوئی ہیں۔
تفصیلات کےمطابق سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی آج لاہور زمان پارک میں چند روز قیام کے بعد پشاور کے لئے روانہ ہوگئی ہیں، بشریٰ بی بی نے لاہور میں اپنا ڈینٹل چیک اپ کروایا، زمان پارک سے روانگی کے وقت ان کے ہمراہ سکیورٹی کی گاڑیاں بھی موجود ہیں، بشریٰ بی بی قافلے کے ہمراہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور جائیں گی۔
اس سے قبل جب اڈیالہ جیل میں 190ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کے بعد بشریٰ بی بی راولپنڈی سے رات گئے لاہور زمان پارک والی رہائشگاہ پہنچیں تو ان کے پیچھے پنجاب پولیس کی بھاری نفری بھی وہاں مجتمع ہوگئی۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پولیس رات گئے قیدیوں کی وین اور واٹر کینن کے ہمراہ زمان پارک پہنچی اور زمان پارک رہائشگاہ کے اطراف پر بیریئر لگا کر ہر آنے جانے والے پر نظریں جمالیں۔
واضح رہے بشریٰ بی بی 30اکتوبر کو پشاور سے ہی اسلام آباد روانہ ہوئی تھیں جہاں انہوں نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد وہ زمان پارک لاہور چلی گئیں۔