
28 Jan 2023
(لاہور نیوز) ضلعی انتظامیہ کا آٹا مافیا کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے، اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد مرتضیٰ نے شاہدرہ کے علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں آٹا باہر سمگل ہونے سے بچا لیا۔
کارروائی کے دوران آٹے کے 5 ہزار تھیلے ضبط کر لیے گئے ، ضبط شدہ آٹے کی مالیت 32 لاکھ روپے بنتی ہے ۔
آٹے کے یہ تھیلے عوام میں سرکاری دام پر تقسیم ہوں گے ۔ آٹا کے بیگز ملک کے مختلف علاقوں اور ملک کے باہر بھی سمگل کئے جانے تھے. ڈی سی لاہور محمد علی کی ہدایت پر آٹا مافیا گروہ کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا.
ڈی سی لاہور محمد علی کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور آٹا کی سپلائی کو شہر میں مسلسل یقینی بنا رہی ہے. آٹا مافیا کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے ، شہر سے باہر آٹا سمگل کرنے کی اجازت کسی کو بھی ہرگز نہیں دی جائے گی۔