فواد چوہدری کو لاہور ہائیکورٹ میں پیش نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر

(لاہور نیوز) لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔
شہری نبیل شہزاد نے درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے ۔ درخواست میں آئی جی اسلام آباد ،آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 25 جنوری کو ہائی کورٹ نے فواد چوہدری کو متعدد بار عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کیے مگر عدالتی احکامات کے باوجود فواد چوہدری کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ ہائی کورٹ کے احکامات ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا پر بھی نشر ہوتے رہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کو نا ماننا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، عدالت متعلقہ حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کا حکم دے۔ درخواست میں متعلقہ افسران اور حکام کو قرار واقعی سزا دینے کی استدعا کی گئی ہے ۔